بھٹکل،3؍جون (ایس او نیوز) بھٹکل اور اطراف میں بجلی کی سربراہی میں درپیش مسائل کرنے کے لئے ایک عرصے سے 110 کے وی بجلی سربراہی مرکز کے قیام کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ سدارامیا حکومت میں اس منصوبے کو منظوری ملی تھی، مگر پھر کام التوا میں پڑا ہوا تھا۔
پتہ چلا ہے کہ اب اس منصوبہ کا تعمیراتی کام شروع کرنے کے لئے منظوری مل گئی ہے ، جس پر 20 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔
اس منصوبہ کے تحت مرڈیشور سے بھٹکل تک 110 کے وی لائن کھینچی جائے گی اور کسلگدّے میں اسٹیشن قائم کیا جائے گا ۔ اس سے پہلے کمٹہ کے 110 کے وی اسٹیشن سے بھٹکل کو بجلی فراہم کی جاتی تھی ۔ اور اگر کمٹہ تعلقہ میں کہیں بھی رکاوٹ پیدا ہوتی تو ہوناور اور بھٹکل تعلقہ کا پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب جاتا اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل کا بھی الگ سے سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ اب بھٹکل تعلقہ میں 110 کے وی اسٹیشن قائم ہونے کے بعد ایسے مسائل سے بھٹکل والوں کو نجات مل جائے گی۔
اس کے علاوہ اڈپی ضلع کے بیندور تعلقہ میں واقع 110 کے وی اسٹیشن سے بھٹکل کے نئے 110 کے وی اسٹیشن کو لنک دینے اور اس لائن کا استعمال کرنے کی بھی اجازت مل گئی ہے۔ اگر اس منصوبہ پر کام مکمل ہوتا ہے تو بھٹکل کے عوام راحت کی سانس لے سکتے ہیں۔